عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سائنس اور ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، یوتھ سروسز اور سپورٹس کے وزیر ستیش شرما نے اتوار کو کہا کہ جموں و کشمیر اس وقت تک آگے نہیں بڑھے گا جب تک ریاست کا درجہ بحال نہیں کیا جاتا۔وزیر نے یہ بات اتوار کو وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے خوبصورت سونمرگ میں پہلے سنو سکئینگ کورس کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے کہی۔شرما نے کہا’’مجھے امید ہے کہ دہلی ہمیں ریاست کا درجہ دے گی کیونکہ جموں و کشمیر ہندوستان کا تاج ہے اور اس پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کئی لوگوں سے ملنے گئے ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی اچھی خبر سامنے آئے گی۔وزیر کا کہناتھا’’ہم ریاست کے تحفے کا انتظار کر رہے ہیں جو انتظامیہ کو بہت سارے مواقع پیدا کرنے میں مدد کرے گا‘‘۔ایک سوال کے جواب میں شرما نے کہا کہ ’’یہاں وسائل کم ہیں اور کہیں یہ بہت ہی زیادہ کم ہیں۔ ہمارے پاس 500روپے کا مینڈیٹ ہے اور ہم اُس وقت تک 5لاکھ روپے کا حساب نہیں دے سکتے جب تک جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال نہیں کیا جاتا‘‘۔شرما نے کہا’’ہم اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہم پر برکت نازل کرے اور امید ہے کہ دہلی کے لوگ ہم سے جو چھین لیا گیا ہے اسے بحال کرکے مہربانی کا مظاہرہ کریں گے تاکہ ہم لوگوں کے تمام مسائل کا ازالہ کرسکیں‘‘۔شرما نے کہا کہ ہمیں اب مثبت رہنا ہے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھنا ہوگا اور اپنی گاڑی کو بہت احتیاط سے آگے بڑھانا ہوگا۔شرما نے مزید کہا’’ہمیںامید ہے کہ پانچ سال بعد جموں و کشمیر کھیل، تعلیم اور سیاحت میں پورے ہندوستان میں بہترین جگہ بن جائے گا‘‘۔سونمرگ میں بتائے گئےسکیئنگ کورسز کے بارے میں وزیر نے کہا کہ پہلی بار سنوسکئینگ کورس خوبصورت سونمرگ میں شروع کیا گیا ہے جس سے یہ 2 سے 3 ہفتے کے کورسز ہمارے بچوں کو بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنائیں گے۔اس سے پہلے گلمرگ میں اسکیئنگ کے پروگرام منعقد کیے جاتے تھے اور یہ پہلا موقع ہے کہ سونمرگ میں بھی اس طرح کے کورس شروع کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح کرنے کے لیے سونمرگ کا دورہ کیا تھا، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ باضابطہ طور پر فیصلہ کیا گیا تھا کہ سونمرگ کو دنیا کا بہترین سیاحتی مقام بنایا جائے گا۔انکاکہناتھا’’آج میں یہ کہتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ وہ دن آ گیا ہے اور ہم نے پہلی بار یہاں سکینگ کورس شروع کیا ہے۔ہمیں اپنے بچوں کو منشیات کی لعنت اور موبائل کے استعمال سے دور کھیلوں کی تقریبات میں لے جانا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست میں کھیلوں کی سطح گزشتہ تین مہینوں میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جس کا سہرا والدین، اساتذہ اور کھیلوں کے عہدیداروں کو جاتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں شرما نے کہا کہ مستقبل قریب میں سونمرگ میں آئس سکیٹنگ کے علاقے کو وسیع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سونمرگ کے قرب و جوار میں اراضی حاصل کی جائے گی جہاں کئی کھیلوں کے کورسز کے انعقاد کے لیے ایک کثیر المقاصد ہال بنایا جائے گا اور وہاں قیام کے لیے ایک ہاسٹل بھی بنایا جائے گا۔رہبرکھیل اساتذہ کے بارے میں وزیر نے کہا کہ “زیادہ تر کام یہ رہبر کھیل اساتذہ کر رہے ہیں جیسا کہ میرا یقین ہے۔ میں ان کی مستقل ملازمت کے لیے دہلی کے ساتھ ان کے مسائل اٹھانے کی پوری کوشش کروں گا ‘‘۔