زاہد بشیر’
گول//گول رام بن شاہراہ فمروٹ کے مقام پر دوروز قبل شام دیر گئے اچانک آگ نمو دار ہوئی جس نے آناً فاناً جنگلات کی وسیع اراضی کو اپنی لپیٹ میں لیا تھا ۔محکمہ جنگلات و فائرس سروس نے جائے موقعہ پر آگ بجھایا جس وجہ سے پوری بستی کو بچا لیا گیا وہیں بھیمداسہ کے جنگلات میں بھی کئی روز تک جنگل میں آگ کا سلسلہ جاری رہا جس سے کافی نقصان ہوا اور پہاڑی و دشوار گزار ہونے کی وجہ سے وہاں پر آگ کو قابو پانا کافی مشکل تھا تا ہم اس آگ کو بستیوں کی طرف آنے سے روکا گیا ۔ اس دوران آج پھر سے گول کے سلبلہ کے نزدیک اور کینٹھہ موڑ میں آگ کی وارداتیں رونما ہوئیں جس دوران سلبلہ میں شام کو محکمہ فائر سروس نے آگ پر قابو پایا اور اس طرح سے اس آگ کو بستی کی طرف آنے سے روک لیا گیا۔ اسی اثنا میں کینٹھہ کے جنگلات میں بھی آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جہاں پر ملحقہ بستیوں کے لوگوں کے ساتھ ساتھ فائر سروس بھی آگ کو بجھانے کی کوشش کر رہی ہیں تا ہم آخری اطلاع ملنے پر آگ نہیں بجھی تھی۔ معزز شہریوں گلزار احمد وانی و شبیر احمد بیگ نے کہا کہ خشک سالی کی وجہ سے آگ لگنے کے خطرات زیادہ پیدا ہوئے ہیں اور آگ لگنے کی وجہ سے جہاں جنگلات کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ جنگلی جانوربھی زندہ اس میں جل کر راکھ بن گئے ہیں ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آگ نہ لگائیں یہ بہت بڑا گناہ ہے اس سے نہ صرف جنگلات کو نقصان ہوتا ہے بلکہ جنگلی معصوم جانور بھی جل کر مر جاتے ہیں اور اس آگ کی وجہ سے دھواں پھیل جاتا ہے جو مختلف بیماریوں کو جنم دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سب ڈویژن گول کے مختلف جنگلات میں کئی روز سے آگ لگی ہوئی ہے جس وجہ سے پورا سب ڈویژن گول دھویں میں ڈوب گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی وارداتوں سے نمٹنے کے لئے سرکار کوبڑے پیمانے پر تدابیر سوچنا چاہئے تا کہ آئندہ آگ کی وارداتوں کو روکا جا سکے ۔