یو این آئی
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے مجھے جموں وکشمیر کا دورہ کرنے کی تجویز دی تاکہ یہاں ‘بھومی پروگرام کے تحت با صلاحیت بچوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ مل سکے اور یہی وجہ ہے کہ ‘روہن بوپنا ٹینس ایکاڈمی کو اس خوبصورت جگہ پر سلیکشن کیمپ کا انعقاد کرنا پڑا۔ یہ با تیں ٹینس لیجنڈ روہن بونا نے یو این آئی کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا :’سال 2024میں آسٹریلین اوپن ڈبلز ٹائٹل جیتنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے مجھے جموں وکشمیر کا دورہ کرنے کی تجویز دی تھی ۔ ‘ ٹینس کھلاڑی نے کہاکہ جب میں نے ویزر اعظم کو پسماندہ افراد کے لئے ’بھومی ‘پروگرام شروع کرنے کے بارے میں بتایا تونریندر مودی نے مشورہ دیا کہ کیوں نہ یہ پروگرام جموں و کشمیر میں آزمایا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیرا عظم کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے ہی آج جموں وکشمیر کے دورے پر آیا ہوں۔ جموں وکشمیر کے پہلے دورے پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے ٹینس کھلاڑی نے کہا :’یہ میرا جموں وکشمیر کا پہلا دورہ ہے اور میں آج بہت خوش ہوں ۔‘ ان کے مطابق غریب اور پسماندہ افراد کے لئے بھومی پروگرام کی پہل سے بہت سارے بچے مستفید ہو سکتے ہیں۔ کمال انڈیا فاونڈیشن یوکے، کے تعاون سے بھومی پروگرام کے تحت آٹھ سے گیارہ سال کی عمر کے منتخب بچوں کو مفت بورڈنگ، رہائش ، مفت تعلیم (دسویں جماعت تک) اور کھیلوں میں ٹینس کی جامع تربیت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس نیک اقدام کو گزشتہ سال اس وقت تقویت ملی جب ہم نے شمال مشرقی ریاستوں کا دورہ کیا اور وہاں بیس بچوں کو منتخب کیا۔ ٹینس سٹار نے کہا :’وزیر اعظم کے مشورے کے بعد کمال انڈیا فاونڈیشن یوکے کو اعتماد میں لے کر ہی جموں وکشمیر کے دورے پر آیا ہوں۔‘ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے بچوں میں کافی ٹیلنٹ ہیں اور وہ ٹینس میں ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقات کی اور انہوں نے بھی مکمل حمایت دینے کا یقین دلایا۔ بوپنا نے کہا کہ ٹینس کو ہمیشہ ایک اعلیٰ کھیل کے طورپر دیکھا جاتا ہے لہذا جموں وکشمیر کے نوجوانوں کی توجہ اس کھیل کی اور مبذول کرانا اب میرا مشن بن گیا ہے۔ ٹینس سٹار نے کہاکہ جموں وکشمیر کے دورے کے دوران میں نے نوجوانوں میں غیر معمولی اہمیت کا ٹیلنٹ دیکھا اور اس ٹیلنٹ کو نکھارنے کی خاطر ہی ہم کام کریں گے۔ روہن بوپنا نے وزیر اعظم کا شکریہ ادار کرتے ہوئے کہاکہ ان کی رہنمائی میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ان کے مطا بق جموں اور کشمیر صوبوں سے منتخب ہونے والے بچوں کو بنگلورو میں مفت بورڈنگ ، رہائش ، تعلیم اور جامع ٹینس کی تربیت دی جائے گی۔ دریں اثنا جموں کے مولانا آزاد اسٹیڈیم میں سلیکشن ٹرائلز کے دوران ٹینس کورٹ شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔