جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر پولیس نے گاڑیوں کی چوری کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو موٹر سائیکل چوروں کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے تین چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور ایک کار برآمد کر لی۔ یہ گرفتاری ایک منظم پولیس آپریشن کے دوران عمل میں آئی، جو مخصوص انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔پولیس نے سنگالہ چوک پر ایک خصوصی ناکہ لگایا، جہاں مستعد پولیس اہلکاروں نے گزرنے والی گاڑیوں کی تلاشی لی۔ اس دوران بغیر رجسٹریشن نمبر پلیٹ کے ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو روکا گیا۔ جب ان سے موٹر سائیکل کے قانونی دستاویزات طلب کئے گئے تو وہ فراہم کرنے میں ناکام رہے، جس سے ان پر شبہ پیدا ہوا۔مزید سخت پوچھ تاچھ کے دوران، دونوں افراد نے پٹھانہ تیر علاقے سے موٹر سائیکل چرانے کا اعتراف کر لیاجس کے بعد پولیس نے دونوں چوروں کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت سمیر خان ولد محمد اعظم خان، ساکن ڈھرانہ، تحصیل مینڈھراورامتیاز حسین ولد محمد تاج، ساکن سلواہ، حال مقیم گوہلد، مینڈھرکے طورپر ہوئی ہے ۔ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے مزید چوری شدہ گاڑیاں برآمد کر لیں،جن میں دو موٹر سائیکلیں (ایک کا رجسٹریشن نمبر JK12B 3394، جبکہ دو بغیر نمبر پلیٹ کے)اور ایک ہنڈائی i10 کار (رجسٹریشن نمبر 2199)، جس کا ممکنہ طور پر مجرمانہ سرگرمیوں سے تعلق ہے ۔پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی نہ صرف چوری شدہ املاک کی برآمدگی کا سبب بنی بلکہ انٹیلی جنس پر مبنی پولیسنگ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، جس نے علاقے میں گاڑیوں کی چوری پر روک لگانے میں مدد فراہم کی۔ایس ایس پی پونچھ، شفق حسین (JKPS) نے مینڈھر پولیس کی مستعدی اور جرائم کے خلاف ان کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کے بارے میں فوراً پولیس کو اطلاع دیں تاکہ سماج دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔