عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے سنیچر کو ضلع ٹیلی کمیونی کیشن کی خدمات کی موجودہ حالت کا جائزہ لینے اور ضلع میں نیٹ ورک کنیکٹیویٹی اور موبائل ٹاور کی تنصیبات سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ ٹیلی کام کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ۔میٹنگ کے دوران، بی ایس این ایل پونچھ کے ایس ڈی او نے علاقے میں جاری پروجیکٹوں کا ایک جائزہ پیش کیا۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع میں چھ نئے موبائل ٹاور سائٹس کامیابی کے ساتھ مکمل کر دئیے گئے ہیںاور ان میں مزید کام جاری ہیں اور جن میں اضافی سائٹس فی الحال زیر تعمیر ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نے بقیہ تنصیبات کو مارچ تک مکمل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا اور ایس ڈی او کو تحصیل آفس منکوٹ میں ای سروس کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے رابطے کو بہتر بنانے کے لئے ضلع کے دور دراز علاقوں میں ٹاور کی تنصیب کی اہم ضرورت پر زور دیا، خاص طور پر ان خطوں میں جہاں نیٹ ورک کے اہم مشکلات کا عوام کو سامنا ہے۔ میٹنگ میں ایس ایس پی پونچھ، ایس ای پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)، سی ایم او، ایکسین جے پی ڈی سی ایل، ڈی آئی او این آئی سی، سی ای او بلدیہ، ایس ڈی او بی ایس این ایل پونچھ، اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔