عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر//کشمیر کے بالائی و میدانی علاقوں میں ہلکے سے درمیانے درجے کی تازہ برف باری ہوئی ہے ـ جنوبی کشمیر کے بالائی علاقوں میں 10 انچ تک برف پڑی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں 1 سینٹی میٹر سے 3 انچ تک ہلکی برف باری ہوئی ہے۔ وسطی اور شمالی کشمیر کے بالائی علاقوں اور چند میدانی علاقوں میں بھی برف باری ہوئی۔ اس دوران جموں و کشمیر کے بیشتر حصوں میں رات بھر بارشیں ہوئیں۔
ادھر تازہ برفباری کے باعث گریز-بانڈی پورہ سڑک ایک بار پھر ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ گریز کے بلند مقامات، جن میں رازدان ٹاپ اور داور گریز میں تقریباً 8 سے 11 انچ تک تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت علاقے میں برفباری جاری ہے، اور سڑک کو احتیاطی طور ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
تاہم برفباری رکنے کے بعد سڑک کو جلد از جلد صاف کرنے کی کوشش کی جائے گی۔