عشرت حسین بٹ
پونچھ//پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول پر فوج کے دستوں نے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئےبھاری ہتھیاروں سے لیس2ملی ٹینٹوںکا مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔فوج نے کہاکہ یہ واقعہ جمعرات کو پونچھ ضلع کے کھڑی کڑماڑہ علاقے میں پیش آیا اور جمعہ دوپہر کو آخری اطلاعات موصول ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری تھی۔جموں میں واقع وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر کل رات ملی ٹینٹوںکی نقل و حرکت کا پتہ چلا۔ چوکس فوجیوں نے دراندازی کرنے والے ملی ٹینٹوں کو تیزی سے روکا، جس سے ایک شدید اور بھاری فائرنگ شروع ہو گئی‘‘۔فوج نے مزیدکہا ’’ آپریشن رات بھر جاری رہا، جس کے نتیجے میں دو ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیاگیا جبکہ اب تک علاقے کی تلاشی کے نتیجے میں متعدد ہتھیار اور جنگی سامان برآمد ہوا ہے‘‘۔ادھم پور کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار نے وائٹ نائٹ کور کو دو ملی ٹینٹوںکو مارنے اور پونچھ میں آلہ حرب و ضرب کی بازیابی کے لیے ان کی تیز رفتار کارروائی اور درست طریقے سے آپریشن انجام دینے کی تعریف کی۔آرمی کمانڈر نے ایکس پر کہا’’ فوج جموںوکشمیر کو ملی ٹینسی سے پاک رکھنے کے اپنے عزم پر قائم ہے‘‘۔حکام نے بتایا کہ دونوں ملی ٹینتوں کی لاشیں فائرنگ کے مقام سے برآمد کی گئی ہیں اور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ان کا تعلق کالعدم لشکر طیبہ سے تھا۔ہلاک ہونے والے ملی ٹینتوں تین اے کے اسالٹ رائفلیں اور بڑی مقدار میں گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔حکام نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ وہ پاکستانی شہری ہیں۔