عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 237 ویں بٹالین نے ضلع راجوری کے گاؤں باگلہ میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے مقامی باشندوں، خاص طور پر خواتین، بزرگ افراد اور بچوں کو صحت کی بنیادی خدمات فراہم کرنا تھا۔ڈاکٹر ہرشوردن سنگھ، جو کہ 237 ویں بٹالین کے میڈیکل آفیسر ہیں، نے کیمپ کی قیادت کی، جہاں مفت میڈیکل چیک اپس اور مشاورت فراہم کی گئی۔ علاوہ ازیں، مفت ادویات اور قوت مدافعت بڑھانے والے سپلیمنٹس بھی شرکاء میں تقسیم کئے گئے۔کیمپ کی قیادت کمانڈنٹ شری اشوک کمار نے کی، جس میں ڈپٹی کمانڈنٹ شری عدیل حسن، اسسٹنٹ کمانڈنٹ شری سنسل، ڈاکٹر ہرشوردن سنگھ اور دیگر سی آر پی ایف افسران نے شرکت کی۔ کمانڈنٹ اشوک کمار نے اپنے خطاب میں سی آر پی ایف کے عزم کو اجاگر کیا اور کہاکہ ’’ہم مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کے انعقاد کے لئے پرعزم ہیں۔ ہمارا مقصد صرف طبی مدد فراہم کرنا نہیں بلکہ سی آر پی ایف مددگار اسکیم کے ذریعے مہنگی ادویات اور روزگار کی مدد بھی فراہم کرنا ہے‘‘۔انہوں نے مقامی باشندوں کو سی آر پی ایف مددگار اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس اسکیم سے رابطہ کرنے کے لیے مفت ہیلپ لائن نمبر 14411 پر کال کر سکتے ہیں۔اس طبی کیمپ میں تقریباً 250 افراد نے شرکت کی، جنہوں نے سی آر پی ایف کی اس کاوش پر شکرگزاری کا اظہار کیا۔ مقامی باشندوں نے اس اقدام کو علاقے میں امن و سکون کے قیام کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا۔یہ طبی کیمپ سی آر پی ایف کی مقامی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جاری کوششوں کا حصہ ہے، جو نہ صرف سیکیورٹی بلکہ انسانیت کی خدمت میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔