عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//قومی روڈ سیفٹی ماہ کے سلسلے میں، محکمہ موٹر گاڑیاں پونچھ نے عوام میں ٹریفک قوانین اور محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کے لئے ایک دستخطی مہم کا آغاز کیا۔یہ مہم ڈپٹی کمشنر وکاس کندل کی زیرصدارت، جو کہ ضلع روڈ سیفٹی کمیٹی کے چیئرمین ہیں، ڈی سی دفتر کمپلیکس کے لانز میں شروع کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے پونچھ کے عوام سے روڈ سیفٹی قوانین کی پیروی کرنے کی اپیل کی تاکہ حادثات سے بچا جا سکے اور قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سیلفی بورڈز کے ساتھ سیلفی بھی لی، جو روڈ سیفٹی کے پیغامات سے آراستہ تھے۔اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر بشارت محمود نے عوام سے روڈ سیفٹی اصولوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں اپنانے کی درخواست کی۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے سے پہلے موٹر بائیکس اور گاڑیاں نہ دیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ، شیو کمار نے بھی شرکت کی۔اس کے بعد نکہ والی چوک پر ایک مشترکہ آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا، جہاں مسافروں کو سیٹ بیلٹ پہننے اور تیز رفتاری کے بجائے رفتار کی حد کے اندر گاڑی چلانے کی ترغیب دی گئی۔