عظمیٰ نیوز سروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے “سچائی اور عدم تشدد کے اصول اور اقدار جن کے لیے گاندھی جی ہمیشہ پابند رہے، وہ زمان و مکان سے ماورا ہیں۔ ،وہ آج بھی اتنے ہی متعلقہ ہیں جتنے ان کی زندگی میں تھے‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انہوں نے اختلافات کے پرامن حل اور ہر ہندوستانی کی بھلائی کے لیے ہماری رہنمائی کی ہے، ۔گاندھی گلوبل فیملی کے زیر اہتمام شانتی دوت سمیلن میں شرکت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے ان تمام لیڈروں، اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ہندوستان کی آزادی کے لیے خود کو وقف کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”دنیا، جس میں ہم آج رہتے ہیں، تنازعات کا مشاہدہ کر رہی ہے، دنیا کے کئی حصوں میں جاری جارحیت کی وجہ سے معاشروں کو خلل کا سامنا ہے۔ ایسے میں امن اور عدم تشدد کی ضرورت شدت سے محسوس کی جاتی ہے، مجھے یقین ہے کہ اس صورتحال میں باپو کے نظریات انسانیت کو صحیح راستہ دکھائیں گے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے سماج کے ہر طبقے پر زور دیا کہ وہ خود کو مہاتما گاندھی کے نظریات اور اقدار کے لیے وقف کریں اور غریبوں، نوجوانوں، خواتین اور کسانوں کو بااختیار بنانے کے مقصد کے لیے اکٹھے ہوں اور وکشت بھارت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنا گراں قدر تعاون کریں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا” باپو نے ایک بار کہا تھا کہ ان کی زندگی کا مشن ہر آنکھ سے آنسو پونچھنا ہے۔ یہ ہماری زندگی کا نصب العین ہونا چاہیے۔ محروم طبقے کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور معاشرے کی اجتماعی طاقت کو غریب سے غریب کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانا چاہیے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے گاندھی گلوبل فیملی جموں و کشمیر کی گاندھیائی اقدار کو فروغ دینے اور سچائی، عدم تشدد اور سماجی ہم آہنگی کے عظیم پیغام کو پھیلانے کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔