عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ نے آرٹ اور دستکاری کے میدان میں برسوں کی اِستقامت اور صبر و تحمل سے حاصل ہونے والے زبردست تجربے سے استفادہ کرنے کے لئے کل قومی ایوارڈ یافتہ اَفراد کے ساتھ ایک میٹنگ کا اہتمام کیا تاکہ ان سے ان کی متعلقہ دستکاریوں اور آگے بڑھنے کے بارے میں براہ راست رائے حاصل کی جاسکے۔ان سرکردہ افراد کے ساتھ منظم ملاقاتوں سے محکمہ کو ہاتھ سے بنی عمدہ اور شاندارمصنوعات کی فروخت اور برآمد کو بڑھانے اور نئے کاریگروں اور بنُکروں کو اَپنے سٹارٹ اپ منصوبے قائم کرنے کی ترغیب دینے کے لئے حکمت عملی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔میٹنگ میں عبدالمجید میر (آری سٹیپل)، غلام نبی ڈار (اخروٹ لکڑی کی نقش نگاری)، حکیم منظور احمد (پیپر ماشی) اور منظور احمد خان، منصور احمد مکائیہ اور نثار احمد خان نے شرکت کی۔ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس مسرت اسلام نے اُنہیں آرٹ اور ٹیلنٹ کا منفرد پیکیج قرار دیا ۔ اُنہوں نے قومی ایوارڈ یافتہ افراد کو یقین دلایا کہ وہ پی ٹی کیو سی سی، آئی آئی سی ٹی لیبز اور کوالٹی کنٹرول لیبز میں ہاتھ سے بنی اشیأ کی جی آئی ٹیگنگ، سرٹیفکیشن اور کیو آر کوڈنگ میں اضافہ کریں گے تاکہ صارفین کا اعتماد محفوظ رہے۔ اُنہوں نے مزید کہا ،’’ محکمہ نے ان ماسٹر کاریگروں سے درخواست کی ہے کہ وہ منفرد کشمیر دستکاریوں کے فروغ کے لئے اَپنے خیالات کا اِظہار کریں۔‘اُنہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں سے درخواست کی کہ وہ نئے کاریگروں اور بنکروں کی استعداد کار بڑھانے میں محکمہ کے اقدامات میں شراکت داری کریں تاکہ آنے والی نسلوں کے لئے کشمیر کی امیر دستکاریوں کو بچایا جاسکے۔