یواین آئی
لکھنو//مہاکمبھ نگر کے چھت ناگ گھاٹ پولیس تھانہ علاقے میں جمعرات کو لگی آگ میں تقریباً 15ٹینٹ جل کر راکھ ہوگئے۔چیف فائر بریگیڈ افسر پرمو شرما نے بتایا کہ ٹینٹ میں آتشزدگی کی اطلاع پر دمکل کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ انہوں نے بتایا کہ 15ٹینٹ آگ کی زد میں آئے تھے۔ فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو حاصل کرلیا گیا ہے۔ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جہاں آگ لگی ہے وہاں کیمپ پر شیو سماج جونا اکھاڑے کا فرضی بورڈ لگا رکھا تھا اور کیمپ غیر قانونی طور سے لگایا گیا تھا۔شرما نے بتایا کہ اس سے کچھ وقت پہلے اریل کی طرف بنے ڈوم سٹی میں بھی آگ لگنے کے واقعہ کی اطلاع ملی تھی۔ جہاں چار دمکل گاڑیوں نے پہنچ کر 40سیکنڈ میں آگ پر قابو حاصل کیا۔ اس واقعہ میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ دونوں آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ کی جارہ ہے۔قابل ذکر ہے کہ مہاکمبھ کے میلہ علاقے میں 19جنوری کو شام کو شاستری برج کے نزدیک سیکٹر 19 گیتا پریس کے کیمپ میں آگ لگی تھی جس میں 18 کیمپ جل کر راکھ ہوئے تھے۔ لاکھوں روپئے مالیت کی کتابیں اور کیمپ میں رکھے نوٹ بھی جل کر تباہ ہوگئے تھے۔ آگ لگنے کی وجہ گیس سلنڈر سے رساو کو بتایا گیا تھا۔ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہو اتھا۔