بشارت راتھر
کوٹرنکہ //حوصلہ افزا صورتحال کے آثار دکھاتے ہوئے، 24 جنوری 2025 سے صحت کے بحران سے متاثرہ گائوں بڈھال کے رہائشیوں میں پر اسراربیماری کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے، جبکہ ضلع انتظامیہ راجوری کی نگرانی میں، انتہائی احتیاطی تدابیر اٹھائے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ پیچیدہ صورتحال کو کم کرنے اور مزید جانی نقصان کو روکنے کے لیے، 364 افراد پر مشتمل 87 خاندانوں کو بڈھال سے راجوری منتقل کیا گیا ہے۔ ان خاندانوں کو فی الحال گورنمنٹ نرسنگ کالج اور گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول اور جی ایم سی میں رکھا گیا ہے اور وہ زیر نگرانی ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کے آرام اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ڈاکٹروں اور ضلعی انتظامیہ کی کڑی نگرانی میں خاندانوں کو کھانا، پانی، بچوں کی خوراک، سینیٹری کی اشیا، ادویات، کپڑے اور دیگر روزمرہ کی ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں۔خاندانوں کے آرام سے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ نے 240 بستر، 490 کمبل اور 303 گدے فراہم کیے ہیں، جبکہ 176 بستر، 300 کمبل اور 240 گدے محفوظ رکھے ہوئے ہیں۔سائٹ پر موجود میڈیکل ٹیم ،جس میں 3 ڈاکٹرز اور 6 پیرا میڈیکس شامل ہیں،24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور ہیں،اہم نگہداشت کی ایمبولینسیں مقامات پر تعینات ہیں۔سی سی ٹی وی نگرانی کے تحت کچن میں کھانا تیار کیا جاتا ہے، کھانے کے نمونے این ایف ایل غازی آباد اور پٹولی فوڈ ٹیسٹنگ لیب، جموں میں جانچ کے لیے بھیجے جاتے ہیں۔آنگن واڑی کارکنان اور چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسرز (CDPOs) چھ ماہ سے کم عمر بچوں کی دیکھ بھال کے لیے تعینات ہیں۔ سکول جانے والے بچوں کے لیے عارضی سکولنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔دستکاری کے اساتذہ اور آئی ٹی آئی انسٹرکٹر افراد کو ٹیلرنگ اور دیگر تجارتوں میں تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے سلائی مشینیں فراہم کی گئی ہیں۔زراعت، باغبانی اور محنت کے محکموں کے اہلکار خاندانوں کو سرکاری اسکیموں جیسے PMEGP، دکش کسان، e-SHRAM، PMJJBY، اور PMSBY کے بارے میں تعلیم دے رہے ہیں۔بڈھال میں بقیہ 808 گھرانوں (3,700 افراد)کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے، گائوں کو 14 کلسٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن کی نگرانی 182 اہلکاروں کی کثیر محکمانہ ٹیمیں کرتی ہے۔تمام دکانوں اور اداروں کو سیل کر دیا گیا ہے اور سخت نگرانی میں راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ ٹیمیں شفٹ شدہ خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 424 گھریلو جانوروں اور 168 پولٹری پرندوں کو کھانا کھلا رہی ہیں۔خوراک اور استعمال کی اشیا کے روزانہ نمونے لینے کا عمل جاری ہے اور جی ایم سی راجوری میں جانچ کے لیے 167 خون، پیشاب اور ناک کے نمونے جمع کیے گئے ہیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر کی نگرانی میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو کوششوں کو مربوط کرنے، عوامی شکایات کو حل کرنے اور خوف و ہراس کو روکنے کے لیے اپ ڈیٹ فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ صورتحال سے جامع انداز میں نمٹ رہی ہے اور تمام متاثرہ خاندانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنا رہی ہے۔