سرینگر// محکمہ جل شکتی کشمیر کے چیف انجینئر برہم جیوتی شرما نے بدھ کے روز کہا کہ حکومت پہلے مرحلے میں تجارتی اداروں پر پانی کے میٹر لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
گریٹر کشمیر سے بات چیت میں شرما نے کہا کہ جل شکتی محکمہ نے ہر گھر جل یوجنا سکیم کے تحت 88 فیصد گھرانوں کو نل کا پانی فراہم کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا، “ہر گھر جل یوجنا سکیم کے تحت اب تک 88 فیصد نل کنکشن مکمل ہو چکے ہیں۔ جل جیون مشن کے تحت محکمہ مرکزی اور ریاستی سطح پر اسکیموں کے کام اور نفاذ کی نگرانی کر رہا ہے۔ کام جاری ہے اور ہاؤس ہولڈ ٹیپ کنکشن (ایچ ٹی سی) کے تحت 88 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقی کام جاری ہے”۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے 31 مارچ 2025 کی آخری تاریخ مقرر کی ہے۔
پانی کے معقول استعمال کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے مرحلے میں تجارتی اداروں میں پانی کے میٹر لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا، “یہ حکومت کے زیر غور ہے۔ تاہم پہلے مرحلے میں پانی کے میٹر تجارتی اداروں میں لگائے جائیں گے، اس کے بعد حکومت کے حکم کے مطابق اسے مزید وسعت دی جائے گی”۔