عظمیٰ یاسمین
راجوری //خطہ پیر پنچال میں شب معراج کو بھرپور مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر لگ بھگ تمام چھوٹی اور بڑی مساجد میں ذکر و اذکار اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا گیا، جنہوں نے علاقے کی فضاؤں کو معطر کر دیا۔مسلمانوں نے اس مبارک شب میں نفل عبادات، تلاوتِ قرآن پاک اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔ مختلف مساجد میں علماء کرام اور ائمہ حضرات نے شب معراج کی فضیلت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس رات کے روحانی پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو نیکی اور تقویٰ کے سانچے میں ڈھالیں۔راجوری، پونچھ، تھنہ منڈی، اور دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے مساجد میں شرکت کی اور اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی کہ وہ امت مسلمہ کو فلاح و بہبود عطا فرمائے اور دنیا کو امن و سکون کا گہوارہ بنائے۔خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں عبادات میں حصہ لیا، جبکہ کئی گھروں میں انفرادی طور پر ذکر و اذکار کی محافل سجائی گئیں۔مساجد کے علاوہ درگاہوں پر بھی شب معراج کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں علماء نے واقعہ معراج کے اہم پہلوؤں کو بیان کیا اور حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو مشعل راہ بنانے پر زور دیا۔عقیدت مندوں نے شب معراج کو تجدیدِ ایمان کا موقع سمجھتے ہوئے اپنی عبادات کو مزید مستحکم کیا اور روحانی سکون حاصل کیا۔ خطہ پیر پنچال میں اس بابرکت شب کی مناسبت سے روحانی ماحول ہر جگہ چھایا رہا۔اس موقع پر خطے بھر کی مساجد میں خصوصی تقاریب منعقد کی گئیں، جن میں فرزندانِ توحید نے عبادات میں مشغول ہو کر خالقِ حقیقی کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہو کر اس کی کبریائی و بڑائی بیان کی۔شب معراج کے حوالے سے مساجد اور خانقاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا جبکہ مختلف مزارات پر چراغاں کیا گیا۔ تھنہ منڈی اور اس کے مضافاتی علاقوں کی چھوٹی بڑی تمام مساجد میں خصوصی اہتمام کیا گیا۔ خواتین نے گھروں میں عباداتی اجتماعات منعقد کیے، جبکہ مرد حضرات نے مساجد میں پوری رات نوافل ادا کرنے اور ذکر و اذکار میں مشغول رہتے ہوئے گزار دی۔ شب معراج کی محافل میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام اور مذہبی اسکالرز نے شرکت کی۔ اپنے خصوصی خطابات میں انہوں نے واقعہ معراج شریف کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے اس رات کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ علماء نے نبی آخرالزماں ﷺ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ نماز وہ عظیم تحفہ ہے جو معراج کے موقع پر اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی ؐ کو عطا کیا۔ علماء کرام نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ نماز کی پابندی کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں اور دنیا و آخرت میں کامیابی کے لیے نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل کریں۔ اس موقع پر ملکی استحکام، سلامتی اور پوری امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ واضح رہے کہ شب معراج اسلامی کیلنڈر کی 27ویں رجب المرجب کی رات منائی جاتی ہے، جسے دنیا بھر کے مسلمان انتہائی عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔ خطہ پیر پنچال میں اس موقع پر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ عبادات اور بڈھال متاثرین کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا گیا۔