سمت بھارگو
راجوری//ایک خوش آئند پیش رفت میں بڈھال گاؤں کی تین حقیقی بہنیں، جو چھ دن قبل جی ایم سی جموں منتقل کی گئی تھیں، مکمل صحت یابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج ہو گئی ہیں۔تعظیم اختر (23)، خالیدہ بیگم (18)، اور نازیہ کوثر (16) کو صحت کی خراب حالت کے باعث جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا تھا، جس سے ان کی حالت کے حوالے سے شدید تشویش پھیل گئی تھی۔یہ تینوں بہنیں بڈھال گاؤں کی رہائشی ہیں، جہاں حالیہ دنوں میں پراسرار بیماریوں سے 17 افراد کی موت ہو چکی ہے، اور ان اموات کے اسباب ابھی تک واضح نہیں ہو سکے ہیں۔بہت سے افراد اس بیماری میں مبتلا ہوئے ہیں، جن میں سے بارہ افراد ابھی بھی مختلف ہسپتالوں میں علاج کے لیے داخل ہیں۔تاہم، خوشی کی بات یہ ہے کہ تینوں بہنیں پانچ دنوں تک جی ایم سی جموں میں علاج کے بعد اب مکمل طور پر صحت یاب ہو چکی ہیں، اور ان کی صحت یابی نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے گاؤں میں خوشی کی لہر دوڑادی ہے۔یہ تینوں بہنیں اب گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے قائم کردہ علیحدہ سہولت میں منتقل کی گئی ہیں۔پرنسپل جی ایم سی راجوری ڈاکٹر اے ایس بھاٹیہ نے کہاکہ ’’یہ بہنیں مکمل طور پر صحت یاب ہو چکی ہیں اور ان کی حالت میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ جی ایم سی جموں سے ڈسچارج ہونے کے بعد انہیں میڈیکل کالج راجوری میں علیحدہ سہولت میں رکھا گیا ہے‘‘۔ان کی صحت یابی نے بدھال گاؤں کے عوام میں امید کی نئی کرن پیدا کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔