سمت بھارگو
راجوری//گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں بڈھال اموات کے سلسلے میں داخل کئے گئے تمام گیارہ مریض اب خطرے سے باہر اور مستحکم ہیں۔ہسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ مریض علاج کے مثبت نتائج دکھا رہے ہیں اور صحت یابی کی طرف گامزن ہیں۔پرنسپل جی ایم سی راجوری، ڈاکٹر اے ایس بھاٹیہ، اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم احمد نے مریضوں کی صحت سے متعلق ایک بلیٹن کانفرنس سے خطاب کیا۔انہوں نے کہاکہ ’’مریضوں کو جلد ہی فارغ کر دیا جائے گا، لیکن صرف اس وقت جب ایک معیاری عملیاتی طریقہ کار (ایس او پی) تشکیل دیا جائے گا تاکہ ان کی مستقل حفاظت اور صحت کو یقینی بنایا جا سکے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس او پی ان احتیاطی تدابیر اور فالو اپ اقدامات کی وضاحت کرے گا جو مزید پیچیدگیوں سے بچنے کے لئے ضروری ہیں۔پرنسپل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ مریضوں کی صحت یابی خاندانوں اور کمیونٹی کے لئے ایک خوش آئند خبر ہے جو ان پراسرار اموات کے اثرات سے نمٹ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ’’ہمارے تمام گیارہ مریض جنرل وارڈ میں ہیں اور کوئی بھی وینٹیلیٹر سپورٹ پر نہیں ہے، جو ہمارے لئے بہت بڑا اطمینان ہے‘‘۔