عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن جاوید احمد ڈار نے کہا ہے کہ جدید ترین ٹیکنالوجی کو اَپناتے ہوئے دستیاب زرعی زمین کے بہترین اِستعمال کے لئے تمام کوششیںکی جارہی ہے۔اُنہوں نے جموں میں’’گلستان نیوز کانکلیو‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زراعت کو جدید بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیرنے کہا کہ محدود زمینی وسائل کے باوجود حکومت جدید تکنیکوں کو مربوط کرکے اور اِس شعبے میں اِختراعات کو فروغ دے کر زرعی پیداوار میں اضافہ کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ اُنہوں نے گزشتہ تین ماہ کے دوران اِصلاحات لانے میں یونیورسٹیوں کے اہم رول پر روشنی ڈالی جس سے خطے میں زراعت کی خوشحالی میں مدد ملی ہے۔اُنہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ زراعت اوراِس سے منسلک شعبوں میں بہترین پیداوار کے لئے تمام جدید ٹیکنالوجیوں کو اَپنائیں۔وزیر موصوف نے شہرکاری سے درپیش چیلنجوں کو تسلیم کیا کیوں کہ بہت سے لوگ اَپنے بچوں کے لئے بہتر سہولیات اور نمائش کے لئے شہروں میں جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ تاہم ،اُنہوں نے یقین دِلایا کہ زرعی شعبے میں اِنقلاب لانے اور دیہی علاقوں میں ذریعہ معاش بڑھانے کے لئے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈِی پی) سمیت تمام مرکزی اور یوٹی سکیموں کو عملایا جارہا ہے۔دریں اثنا ، وزیرجاوید احمد ڈار نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اِنتظامیہ پر اَپنا اعتماد برقرار رکھیں اور جوابدہی اور شفافیت بڑھانے پر زور دیا اور عوام کو یقین دِلایا کہ وزیر اعلی عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے وقف ہے۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت دیہی معاش اور زرعی ترقی کو بہتر بنانے کے لئے اَپنی کوششیں جاری رکھے گی اورعوام کی توقعات پر پوری طرح پورا اترے گی۔