سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے بڈھال گاؤں کے تین سو ترپن افراد اس وقت ضلع میں قائم تین علیحدہ جگہوںمیں قیام پذیر ہیں۔ان سہولیات میں ایک گورنمنٹ نرسنگ کالج کی عمارت، دوسری گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول کی عمارت، اور تیسری جی ایم سی سے ملحقہ ہسپتال راجوری شامل ہیں۔حکام کے مطابق بڈھال کے دو سو نناوے افراد نرسنگ کالج اور گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول میں قائم علیحدہ مراکز میں زیر علاج ہیں۔مزید برآں، انہوں نے بتایا کہ گاؤں کے چون افراد جی ایم سی راجوری میں موجود علیحدہ سہولت میں قیام پذیر ہیں۔حکام نے مزید بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے ہر قسم کے کھانے، دیگر سہولیات، خوردنی اشیاء اور بستر کی مکمل فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔دریں اثناء ، انتظامیہ نے ان سہولیات میں موجود ان دیہاتیوں کے ساتھ یوم جمہوریہ منانے کیلئے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما، نے بڈھال گاؤں کے خاندانوں کے ساتھ یوم جمہوریہ منایا اور متاثرہ خاندانوں کیلئے اتحاد اور تعاون کے عزم کو دہرایا۔انہوں نے ان علیحدہ مراکز میں موجود دیہاتیوں کی موجودگی میں قومی پرچم لہرایا۔تقریب کے دوران ضرورت مندوں میں کمبل تقسیم کئے گئے، جو حالیہ المناک واقعے سے متاثرہ افراد کو راحت اور سکون فراہم کرنے کی انتظامیہ کی کوششوں کو اجاگر کرتا ہے۔