سمت بھارگو
راجوری//راجوری کی ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما کی قیادت میں، بڈھال گاؤں کے بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے سرگرم عمل ہے۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول راجوری میں قیام پذیربڈھال گاؤں کے بچوں میں کاپیاں اور قلم تقسیم کئے۔بڈھال گاؤں کے تین سو ترپن افراد کو، علاقے میں پیش آنے والے المناک حالات کے پیش نظر، راجوری کے تین علیحدہ مراکز میں منتقل کیا گیا تھا۔یہ اقدام 7 دسمبر کے بعد مختلف خاندانوں کے سترہ افراد کی پراسرار موت کے سبب پیدا ہونے والی قومی صحت کی صورتحال کے تحت احتیاطی تدابیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔ان مراکز میں موجود بچوں کی تعلیمی ضروریات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما نے کہاکہ ’’مشکل حالات میں بھی بچوں کی تعلیم متاثر نہیں ہونی چاہیے‘‘۔حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی مواد کی تقسیم متاثرہ خاندانوں کے لئے مدد فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ضلعی انتظامیہ راجوری نے ان بچوں کی تعلیم کو ترجیح دے کر نہ صرف ان کی زندگیوں پر بے دخلی کے اثرات کو کم کیا ہے بلکہ ان میں معمول کی زندگی کا احساس پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔