عظیٰ نیوز ڈیسک
پریاگ راج// وزیر داخلہ امت شاہ پیر کو اتر پردیش کے پریاگ راج پہنچ کر سنگم گھاٹ پر ڈبکی لگائی اور مہا کمبھ میلے میں سنتوں سے آشیرواد لیا۔ ڈبکی لینے کے بعدامت شاہ نے اپنی بیوی سونل شاہ اور بیٹے جے شاہ کے ساتھ تروینی سنگم میں آرتی کی۔شاہ کے ساتھ بابا رام دیو بھی شامل ہو گئے، جب انہوں نے پریاگ راج میں تروینی سنگم میں ڈبکی لگائی۔سنتوں نے وزیر داخلہ کے پوتے کو تلک لگا کر اور اس کی پیشانی کو چھو کر مبارکباد دی جبکہ شاہ نے بچے کو اپنی بانہوں میں تھام لیا۔پریاگ راج پہنچنے کے بعد امیت شاہ کا وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کے کابینہ کے وزرا ء نے پرتپاک استقبال کیا۔مہا کمبھ کو’’سناتن ثقافت کی انوکھی علامت‘‘قرار دیتے ہوئے شاہ نے اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں لکھا’’کمبھ سناتن دھرم کے زندگی کے فلسفے کو ظاہر کرتا ہے، جس کی جڑیں ہم آہنگی میں ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’ میںپریاگ راج میں اتحاد اور سالمیت کے اس تہوار میں سنگم میں ڈبکی لگانے اور سنتوں کا آشیرواد حاصل کرنے کیلئے بے تاب تھا‘‘۔تروینی سنگم میں ڈبکی لگانے کے بعد، شاہ بڑے ہنومان مندرکے علاوہ دیگر مذہبی مقامات کا بھی دورہ کریں گے۔ اس کے بعد، وہ گرو شرانند جی اور گووند گری جی مہاراج دونوں سے ملنے کے لیے گرو شرانند جی کے آشرم جائیں گے۔ 13جنوری کو پوش پورنیما کے ساتھ شروع ہونے کے بعد سے مہا کمبھ نے 110ملین سے زیادہ عقیدت مندوں کو اپنی طرف متوجہ کیا جنہوں نے ابتدائی پندرہ دن کے دوران پریاگ راج میں غسل کیا ہے۔ گنگا، جمنا اورسرسوتی ندیوں کا سنگم ڈبکی کے ذریعے پاکیزگی حاصل کرنے والے عقیدتمندوں کیلئے ایک اہم روحانی مقام بنا ہوا ہے۔