سرینگر// راجوری کے بڈھال گاؤں میں پیش آنے والی 17 پراسرار ہلاکتوں کی ممکنہ وجہ آرگینو فاسفورس زہر کو قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
ایک سینئر طبی ماہر نے بتایا کہ متاثرہ مریضوں کو ہسپتال میں ایٹروپین انجیکشن دیا گیا، جو زہر کے اثرات ختم کرنے میں مؤثر ثابت ہوا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ایٹروپین انجیکشن عام طور پر آرگینو فاسفورس یا کاربامیٹ کیڑے مار ادویات کے زہر کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فی الوقت حتمی لیبارٹری رپورٹس موصول نہیں ہوئیں، لیکن مریضوں پر آزمائشی بنیادوں پر ایٹروپین کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں دو مریضوں کی حالت میں بہتری آئی اور وہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، چونکہ ایٹروپین مؤثر ثابت ہوا ہے، اس لیے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان اموات کی وجہ آرگینو فاسفورس زہر یا اس سے متعلق مرکبات ہو سکتے ہیں، تاہم حتمی نتیجہ اخذ کرنے کے لیے مزید تحقیقات ضروری ہیں۔
واضح رہے کہ بڈھال گاؤں میں گزشتہ دو ماہ کے دوران ایک پراسرار بیماری کے باعث کم از کم 17 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں 14 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
راجوری میں 17 ہلاکتوں کی ممکنہ وجہ آرگینو فاسفورس زہر ہو سکتا ہے: طبی ماہرین
