یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے 76ویں یوم جمہوریہ پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے۔ مودی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ’ آج ہم اپنے شاندار جمہوریہ کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں‘۔ اس موقع پر ہم ان تمام عظیم شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمارا آئین بناکر اس بات کو یقینی بنایا کہ ہماری ترقی کا سفر جمہوریت، وقار اور اتحاد پر مبنی ہو۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ قومی تہوار ہمارے آئین کی قدروں کو محفوظ رکھے گا اور ایک مضبوط اور خوشحال ہندوستان کی تعمیر کے لیے ہماری کوششوں کو مزید تقویت دے گا۔ مودی نے یوم جمہوریہ کے موقع پر نیشنل وار میموریل میں شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مودی نے اتوار کو 76 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر یہاں نیشنل وار میموریل جاکر شہید فوجیوں کو پھولوں کی چادر چڑھا کر ان بہادر فوجیوں کوخراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کے لئے عظیم قربانی دی۔اس موقع پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور فوج کے اعلی حکام موجود تھے۔