جموں// جموں و کشمیر کی وزیر صحت سکینہ ایتو کا کہنا ہے کہ راجوری کے بدھل گاوں میں پھوٹ پڑی پراسرار بیماری کے بارے میں ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر ضرورت پڑی تو مریضوں کو پی جی آئی چندی گڑھ شفٹ کیا جا سکتا ہے۔
ان باتوں کا اظہار وزیر صحت نے جی ایم سی جموں کے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
ممبر اسمبلی بدھل کی جانب سے جی ایم سی جموں کے پرنسپل پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کرنے کے بارے میں سکینہ ایتو نے کہاکہ ڈاکٹر اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ طبی معاملہ ہے لہذا مریض کو باہر کی ریاست شفٹ کرنے کا فیصلہ تو ڈاکٹر ہی لے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ راجوری کے بدھل گاوں میں پر اسرار اموات کے بعد ڈاکٹروں نے ساڑھے تین ہزار لوگوں کی طبی جانچ پڑتال کی۔
سکینہ ایتو نے کہاکہ گزشتہ ایک ماہ سے ڈاکٹر دن رات کام کرر ہے ہیں ۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اگر پی جی آئی چندی گڑھ منتقل کرنے سے مریضوں کی جان بچ پاتی ہے تو ہم ضرور کریں گے۔
ان کے مطابق جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ہر آدھے گھنٹے کے بعد بدھل کے بارے میں سینئر آفیسران سے آگاہی حاصل کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حیرانگی تو اس بات کی ہے کہ ابھی تک اس پراسرار بیماری کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں ہو سکا ہے۔