عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
واشنگٹن//امریکی شہر لاس اینجلس کے شمال میں جنگلات میں آگ لگ گئی، آگ تیزی سے پھیل رہی ہے ، 19ہزار افراد کو انخلا کا حکم دیدیا گیا۔خبر ایجنسی کے مطابق کاسٹائک لیک کے قریب پہاڑوں پر آگ کے شعلے اڑ رہے ہیں۔طوفانی سانتا انا ہواؤں کے باعث 2 گھنٹوں میں 5 ہزار ایکڑ رقبہ آگ کی لپیٹ میں آگیا ہے ۔خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس پہلے ہی خوفناک آگ کی تباہ کاریوں سے نمٹ رہا ہے ، لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈیپارٹمنٹ اور اینجلس نیشنل فارسٹ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے ۔ہیلی کاپٹرز اور چھوٹے طیارے بھی آگ بجھانے کی کوششوں میں حصہ لے رہے ہیں۔واضح رہے کہ7 جنوری سے لاس اینجلس میں مختلف مقامات پر لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں اب بھی جاری ہیں۔آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچاتے ہوئے تقریباً 40 ہزار ایکڑ رقبے کو خاکستر کر دیا ہے اور کم از کم 27 افراد کی جان لے لی ہے ۔آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آّتش زنی کے متعدد واقعات سے بھی نمٹنا پڑا اور حکام نے آتش زنی کے الزام میں کم از کم 8 افراد کو گرفتار کیا۔ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں درختوں، جھاڑیوں، پتوں اور کچرے کو آگ لگائی۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق 14 جنوری کی شام ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا جس نے مبینہ طور پر کچرے کے ڈھیروں کو آگ لگائی تھی۔ لاس اینجلس پولیس ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کے مطابق خاتون نے اعتراف کیا کہ وہ ا?گ لگانے اور تباہی پھیلانے سے لطف اندوز ہوتی تھی۔