محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن میں منگل کی صبح سے ہلکی ہلکی بارشوں اور دور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا سلسلہ شام تک وقفے وقفے سے جاری تھا تاہم میدانی علاقوں میں بارشوں اور پہاڑوں پر ہوئی برفباری میں کوئی شدت نہیں تھی ۔ اس دوران کئی بار دھوپ بھی نکل آئی اور ہلکی ہلکی بارشیں بھی ہوئیں اور منگل شام تک موسم ابر و آلود تھا ۔بانہال ، کھڑی اور پوگل پرستان اور رام بن کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوئیں اور پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر ہلکی برفباری ہوئی ہے۔ بارشوں اور ابر و آلود موسم کیوجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے اور بیشتر عام لوگوں نے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دی ۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے دو طرفہ ٹریفک میں اپنی اپنی منزلوں کا رخ کیا ۔