یواین آئی
لکھنو//وزیر اعظم نریندر مودی پانچ فروری کو مہاکمبھ میں شرکت کرسکتے ہیں۔ اپنے ایک روزہ دورے میں مودی تروینی میں امرت اسنان کے علاوہ کئی پروگراموں میں شرکت کے امکانات ہیں۔حکومتی ذرائع نے منگل کو بتایا کہ مودی پانچ فروری پریاگ راج میں مہاکمبھ میلے میں شرکت کریں گے۔ اس دوران کئی اہم سرکاری پروجکٹوں کا جائزہ اور پروگرام میں شرکت کرنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وزیر داخلہ امت شاہ 27جنوری کو مہاکمبھ میں شرکت کریں گے۔ نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھن کھڑ ایک فروری کو عقیدت کی ڈبکی لگائیں گے اور صدرجمہوریہ دروپدی مرمو10فروری کو مہاکمبھ میں شامل ہونگے۔ذرائع کے مطابق 22جنوری کو یوگی کابینی کی میٹنگ مہاکمبھ نگر میں منعقد ہوگی۔ یوگی حکومت کے پہلے میعاد کار میں بھی کمبھ کے دوران کابینہ کی میٹنگ تروینی کی ریتی پر بنے پنڈال میں منعقد کی گئی تھی۔ادھر ہندوستان کی ترقی میں منی پور کے لوگوں کے کردار پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے منی پور کے عوام کو ریاست کا درجہ حاصل ہونے کے دن کے موقع پر مبارکباد دی۔انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا’’ریاست کا درجہ حاصل ہونے کے موقع پر منی پور کے لوگوں کو مبارکباد۔ ہندوستان کی ترقی میں منی پور کے لوگوں کے کردار پر ہمیں انتہائی فخر ہے۔ منی پور کی ترقی کے لیے میری نیک خواہشات‘‘۔گورنر بھلا نے بھی 53 ویں یوم ریاست کے موقع پر منی پور کے لوگوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔ ایک پیغام میں گورنر نے کہا کہ 21 جنوری 1972 کو منی پور کوریاست کا درجہ حاصل ہوا اور اس کے بعد سے ریاست ترقی کے مختلف شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ این برین سنگھ، اسمبلی اسپیکر ستیہ برتا اور وزرا نے بھی اس موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی۔