جموں// بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق راجیہ سبھا ممبر شمشیر سنگھ منہاس پیر کے روز طویل علالت کے بعد یہاں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ پارٹی کے ساتھیوں نے اس کی تصدیق کی۔
65 سالہ شمشیر سنگھ منہاس اپنے پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑ گئے ہیں۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’سینئر رہنما اور سابق راجیہ سبھا ممبر کے انتقال پر غمزدہ ہوں… وہ ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وقف رہے‘‘۔
بی جے پی کے قومی مجلس عاملہ کے رکن رویندر رینہ کے مطابق، منہاس گزشتہ تقریباً چھ ماہ سے بیمار تھے اور آج شام جموں کے ٹوف شیر خانیاں علاقے میں واقع اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔
منہاس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے رویندر رینہ نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کی جرات مند آواز تھے جنہوں نے 2015 سے پانچ سال تک راجیہ سبھا میں عوام کی نمائندگی کی۔
رینہ نے مزید کہا، ’’وہ بی جے پی کے ایک باوقار سپاہی تھے اور ان کا انتقال پارٹی اور عوام دونوں کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
عوام ان کی فلاحی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
بی جے پی لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ شمشیر سنگھ منہاس انتقال کر گئے
