سوپور// شمالی کشمیر کے زالورہ کے گجرپتی علاقے میں ملی ٹینٹوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں زخمی ہونے والا فوجی اہلکار دوران علاج دم توڑ گیا۔
یہ جھڑپ گذشتہ شب دیر گئے شروع ہوئی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ رات کے اندھیرے کے باعث آپریشن کو عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔ “صبح کے وقت دوبارہ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا، جس دوران ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا”۔
ذرائع نے تصدیق کی کہ زخمی اہلکار دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اتوار کو فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے گجرپتی علاقے میں تلاشی کے دوران ایک خفیہ ٹھکانے کا پتہ لگایا۔ “تلاشی کے دوران، سیکیورٹی فورسز کی ٹیم پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں جھڑپ کا آغاز ہوا”۔
سوپور جھڑپ میں زخمی فوجی اہلکار دم توڑ گیا، آپریشن جاری
