محمد بشارت
کوٹرنکہ //بدھل اخروٹ اور ہارٹی پروڈیوسرز کوآپریٹو لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ایک اہم میٹنگ تنظیم کے ہیڈکوارٹر، کیول میں منعقد کی گئی۔ یہ اجلاس فروری 2025 کے پہلے ہفتے میں متوقع سالانہ جنرل میٹنگ (AGM) سے قبل تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کرنے کے لئے بلایا گیا تھا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین محمد فاروق نے کی جبکہ دیگر ممبران میں شمیم احمد، پرویز ملک، زید ساگر، محمد اشفاق، محمد شکیل بیگ، محمد اقبال، ارشد احمد ملک، لیاقت علی چودھری، کوشلیا دیوی، ورتا دیوی، اور نسیمہ بانو شامل تھے۔میٹنگ میں کئی کلیدی موضوعات پر غور کیا گیا، جن میں بنیادی توجہ فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشنز (FPOs) کے بارے میں آگاہی بڑھانے اور تنظیم کی رکنیت کو وسیع کرنے پر مرکوز تھی۔ بورڈ ممبران نے کسانوں کو ایف پی ائومیں شامل ہونے کے فوائد کے بارے میں آگاہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔مقامی کسانوں کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے کے لئے ورکشاپس، سیمینارز، اور آؤٹ ریچ پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ کسانوں کو ایف پی او کی رکنیت کے فوائد سے آگاہ کیا جا سکے۔بورڈ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ سالانہ جنرل میٹنگ میں ان اقدامات پر مزید تفصیلی گفتگو کی جائے گی اور تنظیم کی ترقی کے لئے ایک مؤثر فریم ورک تیار کیا جائے گا۔بدھل اخروٹ اور ہارٹی پروڈیوسرز کوآپریٹو لمیٹڈ مقامی کسانوں کو بااختیار بنانے، ان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے، اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے زرعی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔