جاوید اقبال
مینڈھر //ہفتہ کی شام دیر گئے چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) پونچھ ڈاکٹر پرویز احمد خان نے گورنمنٹ پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) منکوٹ اور گورنمنٹ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈی ایچ) مینڈھر کا اچانک دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد طبی سہولیات کے کام کاج کا جائزہ لینا، پروٹوکولز کی پابندی کو یقینی بنانا، اور مریضوں و عملے کے مسائل کو سننا تھا۔ڈاکٹر خان نے ہسپتال کے مختلف حصوں بشمول وارڈز، لیبارٹری، ایکس رے سیکشن، گائناکالوجی او پی ڈی، لیبر روم، اسپیشل نیو بورن کیئر یونٹ (ایس این سی یو)، منی آپریشن تھیٹر، اور ایمرجنسی روم کا مکمل معائنہ کیا۔انہوں نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کو وقت کی پابندی اور پروفیشنل رویہ اپنانے پر زور دیتے ہوئے ڈریس کوڈ کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت کی۔آئی پی ڈی مریضوں کے لئے ڈاکٹر خان نے آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (ای بی پی ایم جے اے وائی) صحت کارڈز کے تحت علاج کی فراہمی پر زور دیا تاکہ سستی اور جامع طبی سہولیات یقینی بنائی جا سکیں۔ایمرجنسی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے، سی ایم او نے تمام ایمبولینسوں کی فٹنس سرٹیفیکیشن اور 24×7 تیاری کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے ایمبولینسز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے متعلقہ عملے کو ان کی بہترین حالت میں دیکھ بھال کرنے کی تاکید کی۔ڈاکٹر خان نے گائناکالوجی وارڈ سمیت مختلف وارڈز میں مریضوں سے براہ راست بات چیت کی اور جاننی ششو سرکشا کاریہ کرم (جے ایس ایس کے) کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کو خدمات میں مسلسل بہتری کی یقین دہانی کرائی اور جے ایس ایس کے مستفیدین کو ہدایات کے مطابق مناسب خوراک فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ڈاکٹر خان نے ایس ڈی ایچ مینڈھر میں مردہ خانے کی تعمیر کے جاری کام کا بھی جائزہ لیا اور اس کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔