عظمیٰ نیوز ڈیسک
ممبئی//وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کوممبئی میں انڈین نیوی ڈاک یارڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہندوستان کی سمندری طاقت کو مزید مستحکم کرنے کیلئے 3جنگی جہازوں کو قوم کے نام وقف کیا۔ ان جہازوں میں آئی این ایس سورت، آئی این ایس نیل گری اور آئی این ایس واگھ شیر شامل ہیں، جو ‘میک ان انڈیا’ مہم کا حصہ ہیں اور ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید بڑھائیں گے۔وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر کہا، یہ تینوں جہاز ‘میک ان انڈیا’ کے تحت تیار کیے گئے ہیں اور ان کا مقصد ملک کی سلامتی میں نئی طاقت کا اضافہ کرنا ہے۔ یہ جہاز دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ جیسے خطرات سے علاقے کی حفاظت میں مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدم سے ہندوستانی بحریہ کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور دنیا بھر میں ہندوستان کی بحری طاقت کا پیغام جائے گا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ “آج ہندوستان کی سمندری وراثت، بحریہ کی عظیم تاریخ اور خودمختار ہندوستان کے مشن کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ انہوں نے ہندوستان کی سمندری طاقت کو تقویت دینے کے لیے مزید اقدامات کرنے کا عہد کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا’’یہ پہلا موقع ہے جب ایک ڈسٹرائر، ایک فریگٹ اور ایک سب میرین کو ایک ساتھ کمیشن کیا جا رہا ہے‘‘۔وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کے عالمی کردار پر بھی بات کی اور کہا ’’آج ہندوستان کو عالمی سطح پر ایک قابل اعتماد اور ذمہ دار پارٹنر کے طور پر جانا جا رہا ہے۔ ہندوستان نے ہمیشہ توسیع پسندی کے بجائے ترقی پسندی کی پالیسی اپنائی ہے‘‘۔انہوں نے اس موقع پر 15جنوری کو آرمی ڈے کے طور پر منانے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی این ایس سورت ہندوستانی بحریہ کا جدید ترین گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر ہے۔ یہ 15بی زمرہ کا چوتھا اور آخری جہاز ہے، جو دنیا کے سب سے جدید اور طاقتور ڈسٹرائرز میں شمار ہوتا ہے۔ یہ جہاز 75 فیصد خود انحصار ی مواد سے تیار کیا گیا ہے اور اس میں جدید ہتھیاروں اور سینسر سسٹمز کے ساتھ ساتھ نیٹ ورک سینٹرڈ کیپیبیلٹیز بھی موجود ہیں۔ اس جہاز میں ایک وقت میں 16 براہموس میزائل فائر کیے جا سکتے ہیں۔آئی این ایس نیل گری 17اے اسٹیلتھ فریگٹ کا پہلا جہاز ہے، جو ہندوستانی بحریہ کے جنگی جہاز ڈیزائن بیورو کے ذریعہ تیار کیا گیا ہے۔ یہ جدید خصوصیات کے ساتھ تیار کیا گیا ہے اور اس میں دشمن کے زمینی اہداف کے ساتھ ساتھ سمندر میں موجود سب میرینز کو ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس میں 8 طویل فاصلے کی سطح سے فضا میں مار کرنے والی میزائلز اور ایئر ڈیفنس گن شامل ہیں۔آئی این ایس واگھ شیر ہندوستانی بحریہ کی چھٹی اور آخری اسکوپین کلاس سب میرین ہے، جو فرانس کے نیوی گروپ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ یہ سب میرین رڈار سے بچنے، علاقے کی نگرانی کرنے، اور انتہائی جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ خفیہ معلومات حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے آرمی ڈے کے موقع پر ہندوستانی فوج کی بے مثال ہمت اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے اسے عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کی علامت قرار دیا ہے۔ مودی نے کہا ’’ ہماری حکومت مسلح افواج اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ گزشتہ برسوں میں، ہم نے کئی اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور جدید کاری پر توجہ مرکوز کی ہے‘‘۔وزیر اعظم نے ایکس پر پوسٹ کیا ’’آج آرمی ڈے کے موقع پر، ہم ہندوستانی فوج کے غیر متزلزل حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، جو ہمارے ملک کی سلامتی کے محافظ کے طور پر کھڑی ہے۔ ہم ان بہادروں کی قربانیوں کو بھی یاد کرتے ہیں جو ہر روز کروڑوں ہندوستانیوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں۔ہندوستانی فوج عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کی مظہر ہے۔ ہماری سرحدوں کی حفاظت کے علاوہ، ہماری فوج نے قدرتی آفات کے دوران انسانی مدد فراہم کرنے میں ایک امتیاز قائم کیا ہے۔ہماری حکومت مسلح افواج اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران، ہم نے متعدد اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور جدید کاری پر توجہ مرکوز کی ہے۔ یہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا‘‘۔
آرمی ڈے کے موقعے پر | دھنکھڑ ،کھڑگے اورپرینکا کی فوجیوں کو مبارکباد
یو این آئی
نئی دہلی//نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ،کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آرمی ڈے پر فوجیوں اور سابق فوجیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ان کی ہمت اور بے لوث خدمات کا ہمیشہ مقروض رہے گا۔دھنکھڑ نے ایک پیغام میںکہا کہ ہندوستانی فوج کی ہمت، عزم اور بے لوث خدمات ملک کی سلامتی اور خودمختاری کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا آرمی ڈے پر ہندوستانی سروس کے جوانوں اور سابق فوجیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ ادھر کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے فوجیوں، سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نامساعد حالات میں سرحدوں پر تعینات بہادر سپاہی ہماری قومی سلامتی کے محافظ ہیں۔ کھڑگے نے کہا ’’ہم انڈین آرمی ڈے کے موقع پر بہادر سپاہیوں، سرکردہ فوجیوں، سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کے تئیں اپنے گہرے تشکر اور احترام کا اظہار کرتے ہیں‘‘۔پرینکا گاندھی نے کہا’’ آرمی ڈے کے موقع پر، میری تمام فوجی بھائیوں، فوجی افسران، سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کو نیک خواہشات۔ مشکل ترین حالات میں بھی فرض کی راہ پر ثابت قدم رہتے ہوئے آپ کی خدمت، لگن، ہمت اور قربانی کی مثالی داستان اہل وطن کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔ ملک ہمیشہ آپ کا مقروض رہے گا‘‘۔