نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے یومِ فوج کے موقع پر بھارتی فوج کے عزم، پیشہ ورانہ صلاحیت اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت مسلح افواج اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر اعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا، ’’آج یومِ فوج کے موقع پر ہم بھارتی فوج کے غیر متزلزل حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، جو ہماری قومی سلامتی کے محافظ ہیں۔ ہم ان بہادروں کی قربانیوں کو بھی یاد کرتے ہیں، جو ہر دن کروڑوں بھارتی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کی علامت ہے، جو نہ صرف ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے بلکہ قدرتی آفات کے دوران انسانی امداد فراہم کرنے میں بھی نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے مزید کہا، ’’ہماری حکومت مسلح افواج اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ گزشتہ برسوں میں ہم نے کئی اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور جدیدیت پر توجہ مرکوز کی ہے۔ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا‘‘۔
یاد رہے کہ یومِ فوج ہر سال 15 جنوری کو جنرل کے ایم کریاپا کے 1949 میں جنرل ایف آر آر بوچر سے بھارتی فوج کی کمان سنبھالنے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ وہ آزادی کے بعد بھارتی فوج کے پہلے کمانڈر ان چیف بنے، اور بعد میں فیلڈ مارشل کا اعزاز حاصل کیا۔
حکومت مسلح افواج اور ان کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم: وزیر اعظم مودی
