سرینگر// جموں و کشمیر اور لداخ کے بیشتر علاقے سردی کی شدید لپیٹ میں ہیں، جہاں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کشمیر کے مختلف علاقوں میں سخت سردی نے معمولات زندگی کو متاثر کر رکھا ہے، جب کہ آئندہ دنوں میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات سرینگر کے مطابق، کشمیر میں سب سے کم درجہ حرارت سونہ مرگ میں منفی 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سری نگر شہر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا۔
قاضی گنڈ میں درجہ حرارت منفی 5.4، پہلگام میں منفی 8.4، کپواڑہ میں منفی 4.7، اور کوکرناگ میں منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں منفی 7.4، شوپیاں میں منفی 7.9، اور لرنو میں منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت درج کیا گیا۔
جموں شہر میں شبانہ درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا، جب کہ بانہال میں منفی 1.5، بٹوت میں 2.1، اور کٹرہ میں 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بھدرواہ میں درجہ حرارت منفی 0.7، کشتواڑ میں 2.0، پاڈر میں منفی 8.1، اور راجوری میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ سانبہ، پونچھ اور اودھم پور میں بالترتیب 2.3، 2.8، اور 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔
اسی دوران گزشتہ شب لداخ کے علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہے، جہاں لیہہ میں درجہ حرارت منفی 12.2، کرگل میں منفی 13.7، اور دراس میں منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ پورے خطے میں سب سے کم ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کو پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے، جب کہ 16 سے 18 جنوری تک وادی میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہ سکتا ہے۔
کشمیر میں چلہ کلان کی شدت برقرار، سرینگر میں پارہ منفی 4.8 درج
