عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//لوہڑی کے روایتی تہوار کو جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہوئے نیشنل رورل لائیولی ہْڈ مشن (NRLM) نے دیگر سرکاری محکموں کے اشتراک سے پونچھ کے پریڈ پارک میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔اس تقریب میں محکمہ جنگلات، باغبانی، پھولبانی، زراعت، دیہی روزگار، بھیڑ و مویشی پالن سمیت مختلف سرکاری محکموں نے شرکت کی اور معلوماتی اسٹالز قائم کئے ۔تقریب کا انعقاد ضلع ترقیاتی کمشنر وکاس کنڈل کی ہدایت پر کیا گیا، جس کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر ریونیو (ACR) قدیر الرحمان نے کیا۔ افتتاحی تقریب کے بعد اے سی آر نے مختلف محکموں کے اسٹالز کا معائنہ کیا اور عوام کو لوہڑی کے مبارک موقع پر نیک خواہشات پیش کیں۔اس تقریب کا مقصد عوام کو سرکاری محکموں کی خدمات اور منصوبوں کے بارے میں آگاہ کرنا تھا تاکہ ترقیاتی وسائل کو مقامی سطح پر بہتر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ، اس تہوار نے پونچھ کی عوام کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کا جذبہ بھی پیدا کیا۔تقریب میں شرکت کرنے والے لوگوں نے اس اقدام کو سراہا اور اسے پونچھ کے ثقافتی کیلنڈر کا ایک اہم لمحہ قرار دیا۔ اس موقع پر عوام کو مختلف ترقیاتی اسکیموں، زرعی و باغبانی تکنیکوں اور دیگر وسائل سے روشناس کرایا گیا جو ان کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔لوہڑی کا یہ تہوار، سرکاری و غیر سرکاری شراکت داری کی ایک بہترین مثال پیش کرتے ہوئے، عوام کی فلاح و بہبود اور سماجی یکجہتی کے فروغ کا ایک مثالی موقع بن گیا۔
پبلک ویلفیئر فرنٹ اراکین نے لوہڑی کا تہوارغریبوں کیساتھ منایا
حسین محتشم
پونچھ//غیر سرکاری تنظیم پبلک ویلفیئر فرنٹ کے کارکنان نے چیئرمین زوراور سنگھ شہباز کی قیادت میں سرحدی ضلع پونچھ کی کچی بستیوں میں، سڑکوں پر رہنے والے ذہنی بیماروں، غریب یتیموں، بے سہاراوں، ضرورت مندوں، غریب خاندانوں کے ساتھ لوہڑی کا تہوار منایا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے زور اور سنگھ شہباز نے کہا یہ خوشیوں سے بھرا تہوار ہے اور ہمیں اس تہوار کو خوشی، جوش اور باہمی بھائی چارے کے ساتھ منانا چاہیے۔ انہوں نے کہا غریب کچی آبادیوں میں پہنچ کر بچوں کے ساتھ لوہڑی کا تہوار منانے کا ان کا مقصد غریب خاندانوں کو اس اہم تہوار کی خوشی میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران انہوں نے گڑ، مونگ پھلی، اخروٹ وغیرہ تقسیم کئے۔انہوں نے کہا کہ آج بہت سے بچے چھوٹے چھوٹے گروپس میں آپ کے گھر لوہڑی مانگنے آئیں گے، لہٰذا انہیں خالی ہاتھ نہ بھیجیں، انہیں خدا کا بندی سمجھیں، انہیں پیار اور لوہڑی دیکر اپنی خوشیاں دوبالا کریں۔ انہوں نے معاشرے کے تمام بڑے طبقوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ بھی غریب کچی آبادیوں تک پہنچیں اور ان لوگوں کے ساتھ جشن منائیں کیونکہ ہم سب خدا کے بندے ہیں۔ اگر کوئی تفریق یا کوئی جھگڑا ہے تو اسے بھول جائیں اور ایک دوسرے کو گلے لگائیں۔ اس موقع پر فرنٹ ممبران سرجیت سنگھ، ارجن داس، نوجوت سنگھ بھی موجود تھے۔
فوج نے ریاسی میں لوہڑی تقریب کا اہتمام کیا
عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//فوج نے ضلع ریاسی کے باتسیالہ علاقے میں لوہڑی کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس کا مقصد ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور مقامی کمیونٹی کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنا تھا۔اس تقریب میں فوجی جوانوں اور قریبی علاقوں کے لوگوںنے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور اس فصلوں کے تہوار کو روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ لوہڑی کی تقریبات کا مرکز روایتی الاؤ تھا، جو خوشی کے نعروں کے درمیان روشن کیا گیا۔ شرکاء نے تل، گڑ، اور مونگ پھلی کا نذرانہ پیش کئے۔تقریب میں مقامی ثقافتی ورثے اور فصلوں سے جڑے روایتی انداز کو اجاگر کرنے والے رنگارنگ پروگرام پیش کئے گئے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔اس موقع پر ایک سینئر افسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام اتحاد اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج مقامی کمیونٹی کے ساتھ خیرسگالی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لئے پْرعزم ہے۔باتسیالہ میں منعقدہ لوہڑی کی یہ تقریب اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ فوج کس طرح ان کمیونٹیز کے ساتھ مضبوط اور دیرپا تعلقات قائم کرنے کے لئے کوشاں ہے جن کی وہ خدمت کرتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔