عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعظم نریندر مودی کے آج پیر کو سونمرگ کے دورے کے لیے تیاریاں اور حفاظتی بندوبست زوروں پر ہے، جہاں وہ دفاعی لحاظ سے اہم 6.4 کلومیٹر لمبی زیڈ موڈ ٹنل کا افتتاح کریں گے۔سونمرگ میں زیڈ مورہ ٹنل کے افتتاح کیلئے پی ایم مودی کے دورے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔وزیر اعظم صبح 11 بجے سرینگر کے تکنیکی ہوائی اڈے پر پہنچنے والے ہیں اور انہیں تقریب کے لیے ایک خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سونمرگ لے جایاجائے گا۔ افتتاحی تقریب میں روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلی عمر عبداللہ اور دیگر معززین شرکت کریں گے۔گزشتہ سال اکتوبر میں مرکز کے زیر انتظام علاقے میں منتخب حکومت کے قیام کے بعد سے پی ایم مودی کا جموں و کشمیر کا یہ پہلا دورہ ہے۔ افتتاح کے بعد، وزیر اعظم ٹرک یارڈ سونہ مرگ میںعوامی اجتماع سے خطاب کریں گے اور مشکل حالات پر قابو پانے کے لیے ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پروجیکٹ میں تعاون کرنے والے انجینئرز اور کارکنوں سے بات چیت کریں گے۔اسپیشل پروٹیکشن گروپ(ایس پی جی) نے شتکڈی گائوںں، سونمرگ میں تقریب کے مقام پر چارج سنبھالنے کے ساتھ، ایک کثیر سطحی سیکورٹی سیٹ اپ کو تعینات کیا گیا ہے۔ گاندربل ضلع میں اور سری نگر-سونمرگ روٹ کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر پولیس اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف)کی جانب سے گاڑیوں کی بے ترتیب چیکنگ کے ساتھ سیکورٹی کو سخت کردیا گیا ہے۔دریں اثنا، سخت سردی کے حالات کے باوجود لاجسٹک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جموں و کشمیر سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے شرکا کو پنڈال تک پہنچانے کے لیے 250 بسیں تعینات کی ہیں۔وزیر اعظم کے زیڈ مور سرنگ کے افتتاح سے ایک دن پہلے سیکورٹی فورسز نے اتوار کو سونہ مرگ علاقے پر تسلط کی مشق کو تیز کر دیا۔حکام نے بتایاکہ حساس علاقوں میں سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور مختلف اضلاع میں اہم چوراہوں پر درجنوں چوکیاں قائم کی گئی ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ملک دشمن عناصر آزادانہ گھومنے پھرنے کے قابل نہ ہوں۔عہدیداروں نے کہا کہ لوگوں اور گاڑیوں بشمول دو پہیہ گاڑیوں کی بے ترتیب چیکنگ کو تیز کردیا گیا ہے ۔”Z-Moh سرنگ کے قریب کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور ایس پی جی کے اہلکاروں پر مشتمل وزیر اعظم کی سیکورٹی ٹیم نے پنڈال کو سنبھال لیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ گگن گیر میں ٹنل کے افتتاح کے بعد وزیراعظم ٹرک یارڈ سونہ مرگ میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقام اب عوام کے لیے محدود ہے۔جموں و کشمیر پولیس، نیم فوجی دستے اور فوج پیر کے افتتاح کے لیے حفاظتی بندو بست کا حصہ ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تقریب کے ہموار انعقاد کے لیے وسیع علاقے پر تسلط کی مشقیں، تلاشی اور گشت جا رہی ہے۔شارپ شوٹرز کو حساس مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ڈرون کے ذریعے فضائی اور تکنیکی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔حکام نے سرینگر-لیہہ قومی شاہراہ کو ہفتے سے پیر تک بند کر دیا ہے۔8,650 فٹ کی اونچائی پر واقع Z-Morh سرنگ ایک دو لین والی سڑک کی سرنگ ہے جو زیڈ مورہ ٹنل بالتل اور لداخ کے علاقوں سے شہری اور فوجی ٹریفک کے لیے بلاتعطل رابطے کو یقینی بنائے گی۔