عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے حکومت کی عوام پر مبنی پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مجموعی ترقی اورسماجی و اِقتصادی پروفائل میں قابل ستائش بہتری لانا موجودہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔اِن باتوں کا اِظہار نائب وزیراعلیٰ نے آر ایس پورہ میں جاٹ سبھا کی طرف سے منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی جموں ایسٹ وِکرم رندھاوا ،سابق وزرأ منجیت سنگھ، چودھری سُکھ نندن، گھارو رام، ڈِی ڈِی سی ممبران، جاٹ سبھا کے سینئر اَفسران اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔نائب وزیراعلیٰ نے عوام پرمبنی اَقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم بغیر کسی ترجیحی بنیاد کے مساوی بنیادوں پر ترقی کر رہے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا ،’’ جموں و کشمیر میں ترقیاتی اَقدامات کو تیز کرنے کے لئے ہدایات پہلے ہی جاری کی جاچکی ہیں۔ باقاعدگی سے نگرانی بھی کی جارہی ہے تاکہ ان پر کام کی رفتارکو تیز کیا جاسکے۔‘‘ اِس موقعہ پرجاٹ سبھا کے ممبران نے خطاب کرتے ہوئے اَپنی کمیونٹی کو نمائندگی دینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ اَدا کیا۔بعد میں نائب وزیرا علیٰ نے لوہڑی کی تقریبات کے سلسلے میں جاٹ سبھا کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں بھی شرکت کی۔اُنہوں نے وہاں کے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ لوہڑی سے جموں و کشمیر میں اَمن اور خوشحالی آئے گی۔