سرینگر// جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کو کہا کہ اگرچہ وادی جانے والی ٹرینوں کے مسافروں کی حفاظت کے معاملے کو سمجھا جا سکتا ہے، لیکن کٹرا میں مسافروں کو ٹرین بدلنے پر مجبور کرنا ریل لنک منصوبے کے اصل مقصد کو ناکام بنا دے گا۔
عمر عبداللہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “کسی غلط فہمی سے بچنے کے لیے، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ٹرین اور اس کے مسافروں کی حفاظت ضروری ہے، لیکن مسافروں کو ٹرین بدلنے پر مجبور کرنے سے اس لائن کا مقصد فوت ہو جائے گا اور اس منصوبے پر خرچ کیے گئے ہزاروں کروڑ روپے بیکار ہو جائیں گے”۔
انہوں نے کہا کہ مسافروں کی چیکنگ کٹرا یا جموں میں کی جا سکتی ہے، لیکن ٹرین تبدیل کروانے کا کوئی بھی فیصلہ ناقابل قبول ہوگا۔
عمر عبداللہ نے کہا، “کٹرا یا جموں میں ٹرین اور مسافروں کی جانچ ضرور کریں، لیکن ٹرین بدلنے کی حمایت نہیں کی جائے گی۔ تاہم، ابھی تک کوئی ٹھوس تجویز نہیں ہے، اور جب ایسی کوئی تجویز آئے گی تو ہم اپنے مشورے دیں گے”۔
وزیر اعلیٰ کے یہ تبصرے ان میڈیا رپورٹس کے بعد سامنے آئے ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کشمیر-جموں ریل لنک پر سفر کرنے والے مسافروں کو اپنے سفر کے دوران دونوں طرف کٹرا میں ٹرین بدلنی ہوگی۔
کٹرا میں ٹرین بدلنے سے کشمیر-جموں ریل لنک کا مقصد فوت ہو جائے گا: عمر عبداللہ
