جموں// ایل او سی کے قریب مشتبہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع پر جموں کے بھٹال علاقے میں شروع ہونے والا فوجی سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔
دفاعی حکام کے مطابق، فوج نے ڈرون اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے علاقے کی مکمل نگرانی شروع کر دی ہے، جبکہ پولیس کی ٹیمیں بھی اس کاروائی میں شریک ہیں۔
یہ آپریشن ہفتے کے روز اس وقت شروع کیا گیا جب مقامی افراد نے جوگی وان کے جنگلاتی علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع دی۔ شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر سرحد پار سے دراندازی کرنے والے ملی ٹینٹ ہو سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید فوجی اہلکار علاقے میں تعینات کیے گئے ہیں تاکہ سرچ آپریشن کو وسعت دی جا سکے، تاہم مشتبہ افراد کا تاحال کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ سرچ کے دوران کتے اور جدید آلات کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 28 اور 29 اکتوبر کو اسی علاقے میں دو دن کے طویل آپریشن کے دوران جیشِ محمد کے تین ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔
ایل او سی کے قریب مشتبہ نقل و حرکت، تلاشی کاروائی دوسرے روز بھی جاری
