حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے طلبا ء نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کی سہولت کے لئے سی یو ای ٹی امتحانات کے مراکز راجوری پونچھ میں قائم کئے جائیں ۔طلباء کا کہنا ہے کہ مدتوں سے سی یو ای ٹی(cuet) مختلف ایجنسی و ادارے منعقد کرواتے آے ہیں اسی طرح اس بار بھی اشتہارات نکالے گئے جس میں تمام تر امتحاناتی مراکز ریاست جموں و کشمیر سے باہر منعقد کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے کئی طلبا و طالبات کو بے شمار مشکلات اور نشیب و فراز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کچھ لوگ اس وجہ سے ترک تعلیم بھی کر دیتے ہیں کیونکہ اس علاقہ بالخصوص خطہ پیر پنجال کے اکثر و بیشتر طلباء کی مالی حالات اس قابل نہیں کہ وہ بیرون ریاست جا کر امتحان دے سکیں۔ انہوں نے کہا اس وقت خطہ پیر پنجال کے طلبا و طالبات کا اہم ترین مطالبہ ہے کہ سی یوای ٹی امتحان 2025/26پونچھ راجوری میں قائم کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اکثر و بیشتر طلبا و طالبات دور دراز سنگلاخ علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جن کی آمدنی کا کوئی خاص انتظام نہیں وہ طلبا دہلی، پنجاب ، حیدرآباد و دیگر ریاستوں میں جاکر امتحان دینے کے اہل نہیں اس لئے این ٹی اے و دیگر ایجنسیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ امتحان ہمارے اضلاع میں منعقد کروائے جائیں۔انہوں نے کہااگر دیکھا جائے تو آج کل کے حالات اجازت نہیں دیتے کہ ہم اپنی نوجوان بہنوں کو بیرون ریاست بھیج سکیں کیونکہ طرح طرح کے واقعات آئے دن پیش آتے ہیں اس ڈر سے والدین اپنی بیٹیوں کو امتحان دینے کے لئے بیرون ریاست بھیجنے سے گھبراہٹ محسوس کرتے ہیں اور بھی مختلف قسم کے واقعات پیش نظر ہیں۔عاشق خلیفہ تحصیل صدر گوجر بکر وال اجماع طلبہ سرنکوٹ نامی ایک طالب علم نے جموں کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ اور لفٹینٹ گورنر سے اپیل کی ہے کہ ان تمام مسائل کو مد نظر رکھتے ہوے میں این ٹی اے اور دیگر ایجنسیوں کو ہدایت کریں کہ وہ خطہ پیر پنجال کے طلبہ و طالبات کے امتحانی مراکز جموں کشمیر کے دیگر اضلاع کے ساتھ ساتھ پونچھ راجوری میں قائم کروائیں تاکہ طلباء کو سہولت حاصل ہو سکے اور وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکے۔