سرینگر// جموں و کشمیر پولیس کے کولگام ضلع کے سائبر سیل نے ہفتے کے روز آن لائن مالی دھوکہ دہی کے متعدد کیسز کامیابی سے حل کرتے ہوئے 13,69,377 کی رقم بازیاب کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق انہیں دھوکہ دہی پر مبنی سکیموں کے حوالے سے شکایات موصول ہوئیں جن میں متاثرین کو اضافی سرمایہ کاری پر زیادہ منافع کا جھانسہ دیا گیا تھا۔
پولیس نے کہا، “یہ سکیمیں جعلی سرمایہ کاری کے مواقع پر مبنی تھیں، جہاں متاثرین سے اضافی رقم جمع کرانے پر زیادہ منافع کا وعدہ کیا گیا”۔ شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کولگام کے سائبر پولیس نے متاثرین سے شواہد اور ضروری معلومات جمع کیں۔
جدید سائبر ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پولیس نے دھوکہ دہی کی ٹرانزیکشنز کو منجمد کر دیا۔ مجموعی طور پر 13,69,377 کی رقم کو روک کر متاثرین کے کھاتوں میں کامیابی سے واپس کر دیا گیا۔
کولگام پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آن لائن دھوکہ دہی، خاص طور پر جعلی ٹریڈنگ پلیٹ فارمز سے ہوشیار رہیں۔
پولیس نے مزید مشورہ دیا کہ مشتبہ لنکس پر کلک کرنے، جعلی ایس ایم ایس کے جواب دینے یا غیر مجاز ایپلیکیشنز انسٹال کرنے سے گریز کریں۔
اس کے علاوہ، پولیس نے رہائشیوں کو اجنبی نمبروں سے ویڈیو کالز موصول ہونے پر احتیاط برتنے اور اپنی ذاتی یا حساس معلومات آن لائن شیئر نہ کرنے کی تاکید کی۔
پولیس نے کہا، “اگر آپ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کا سامنا کریں تو فوراً نیشنل سائبر کرائم ہیلپ لائن نمبر 1930 پر رپورٹ کریں یا www.cybercrime.gov.in پر رابطہ کریں”۔
کولگام میں آن لائن دھوکہ دہی کے معاملات حل، 13,69,377 روپے کی رقم بازیاب
