ڈوڈہ// ڈوڈہ پولیس نے ملی ٹینسی کے خلاف مؤثر کارروائی جاری رکھتے ہوئے یو اے پی اے کے تحت دو مقدمات میں چالان این آئی اے کورٹ ڈوڈہ میں پیش کیے ہیں۔
ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا جے کے پی ایس نے بتایا کہ ان مقدمات میں ملزمان پر ملی ٹینٹوں کو خفیہ طور پر خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کا الزام ہے۔
پہلا مقدمہ پولیس تھانہ گندوہ میں مقدمہ ایف آئی آر نمبر 70/2024 کے تحت درج کیا گیا، جس میں شوکت علی ولد غلام علی ساکن شرخی (کٹھیارا) بھدرواہ پر یو اے پی اے کی دفعہ 19 کے تحت الزام عائد کیا گیا۔ ساتھ ہی تین غیر ملکی ملی ٹینٹوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 307، 120-بی، 121، 122 اور اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔
دوسرا مقدمہ پولیس تھانہ دیسہ میں ایف آئی آر نمبر 14/2024 کے تحت چار ملزمان کے خلاف پیش کیا گیا، جن میں منیر حسین، تنویر احمد، نور عالم، اور کنج لال شامل ہیں۔
پولیس نے کہا کہ ملی ٹینسی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی، اور ایسے افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے جو ملی ٹینٹوں کو مدد فراہم کر رہے ہیں۔
ایس ایس پی ڈوڈہ نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس علاقے میں امن قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
ڈوڈہ پولیس نے یو اے پی اے کے دو مقدمات میں چالان عدالت میں پیش کر دیا
