نئی دہلی// گہری دھند کے باعث دہلی ایئرپورٹ پر جمعہ کی صبح 100 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ایئرلائن انڈیگو نے صبح 5:04 بجے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ پیغام میں مسافروں سے درخواست کی کہ وہ ایئرپورٹ روانگی سے پہلے اپنی پرواز کی صورتحال معلوم کریں۔
دہلی ایئرپورٹ آپریٹر “ڈائل” (DIAL) نے صبح 5:52 بجے ایکس پر ایک پیغام میں کہا، “دھند کی وجہ سے پروازوں کی روانگی متاثر ہوئی ہے، تاہم، CAT III کے مطابق پروازیں لینڈ اور روانہ ہو رہی ہیں”۔
واضح رہے کہ CAT III ٹیکنالوجی کم روشنی یا دھند میں بھی پروازوں کے لینڈنگ اور ٹیک آف کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار (Flightradar.com) کے مطابق، دہلی ایئرپورٹ پر 100 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (DIAL) نے مسافروں سے کہا کہ وہ اپنی ایئرلائنز سے تازہ ترین معلومات حاصل کریں اور تاخیر کے باعث ہونے والی پریشانی پر معذرت کا اظہار بھی کیا۔
ایئرلائن انڈیگو نے کہا، “ہم مسافروں کو تجویز کرتے ہیں کہ اپنی ایئرپورٹ کی روانگی کے لئے اضافی وقت کا منصوبہ بنائیں، کیونکہ دہلی میں دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہو رہی ہے اور ٹریفک کی رفتار سست ہے”۔
واضح رہے کہ دہلی کا اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (IGIA) روزانہ تقریباً 1,300 پروازوں کی آمدورفت کو سنبھالتا ہے۔
دھند کے باعث دہلی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر، 100 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار
