عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور سرکاری اہلکاروں کے درمیان جوابدہی کو یقینی بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی ڈی سی) راج کمار تھاپا کے ہمراہ سرکاری دفاتر کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنہ میں بلاک ڈیولپمنٹ آفس (بی ڈی او) راجوری اور ایکزیکٹو انجینئر، دیہی ترقیاتی محکمہ (آر ڈی ڈی) کا دفتر شامل تھے۔معائنے کا مقصد ان دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لینا، ملازمین کی حاضری اور رویے کی جانچ کرنا، اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات میں کسی بھی قسم کی کمی کو دور کرنا تھا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے درخواست دہندگان سے ملاقات کی جو مختلف خدمات حاصل کرنے کے لئے ان دفاتر میں آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے درخواست دہندگان سے ان کے تجربات اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور یقین دلایا کہ انتظامیہ ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما نے وقت کی پابندی اور مؤثر شکایات کے ازالے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’عوام کو حکومت کی اسکیموں جیسے ایم جی نریگا (MGNREGA) کے فوائد حاصل کرنے میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔ بطور ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر، میں اس فلیگ شپ پروگرام کے ہموار اور شفاف نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ’معائنے کے دوران پائی جانے والی کسی بھی خامی کو دور کیا جائے گا اور قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی‘۔ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو عوامی شکایات کے بروقت اور مؤثر ازالے کو ترجیح دینے اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے خدمات کی فراہمی میں کسی بھی خلا کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے کے لیے فعال اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔