جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر کے گائوں سلواہ میں عوامی مسائل کے حل اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک انتظامی ٹیم نے علاقے کا دورہ کیا۔ اس دورے میں نائب تحصیلدار مینڈھر، اے ای ای جل شکتی، اور اے ای پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) شامل تھے۔ٹیم نے گائوں میں جل جیون مشن (جے جے ایم) اسکیموں پر عمل درآمد کا معائنہ کیا اور مقامی لوگوںسے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے۔ مکینوںنے پانی کی قلت اور جے جے ایم منصوبوں کے تحت سپلائی سے متعلق دیگر مسائل کی نشاندہی کی۔ حکام نے پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بروقت اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔مزید برآں، ٹیم نے نبارڈ اسکیم کے تحت جاری سڑکوں کی تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے مقامی لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کے مسائل کو سنا اور یقین دہانی کرائی کہ سڑک کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے گی تاکہ رہائشیوں کو سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔علاقے کے لوگوں نے حکام کی موجودگی کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل ہوں گے۔ ٹیم نے عوامی مسائل کے فوری حل اور ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا عزم کیا۔سلواہ کے باشندوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ یہ دورہ علاقے کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔