یو این آئی
جے پور//راجستھان کانگریس کے سابق صدر اور سینئر لیڈر سچن پائلٹ نے گزشتہ ایک سال میں ریاستی حکومت کے فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام میں غصہ ہے اور ایوان کے اندر ہم حکومت سے جواب طلب کریں گے۔ سچن پائلٹ نے جمعرات کے روز اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے ایک سال مکمل کر لیا ہے۔ اس دوران حکومت کی طرف سے کئے گئے فیصلوں سے عوام میں غصہ ہے۔ ریاستی حکومت نے ان اضلاع کو ختم کر دیا ہے جو پچھلی بار بنائے گئے تھے۔ اس کی وجہ سے بھی عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایوان کے اندر ان تمام معاملات پر حکومت سے جواب طلب کریں گے۔ ہم عوام کے مسائل کو بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ یہ حکومت پوری طرح سے الجھن میں ہے۔ ریاستی حکومت کے وزیر کا کہنا ہے کہ وہ بھرتی کو منسوخ کر دیں گے۔ حکومت کہتی ہے کہ اسے منسوخ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ حکومت کے اندر ڈیڈ لاک کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ اس حوالے سے واضح پالیسی ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اتنے مہینے ہوچکے ہیں اس کو التوا میں رکھا ہوا ہے۔ سب انسپکٹرز کی بھرتی ہو یا کوئی اور امتحان، اس میں بے یقینی اور عدم فیصلہ کی کیفیت عوام میں کنفیوژن پیدا کرتی ہے۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ ریاستی حکومت میں اختیار کے متعدد مراکز بنائے گئے ہیں۔ وزیر کچھ کہتے ہیں، حکومت کچھ کہتی ہے اور اس بیچ عوام پھنسے ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت اپنی پالیسی واضح کرے۔