جموں// جموں و کشمیر حکومت نے اپنے تمام ملازمین کو یوم جمہوریہ کی تقریب اور “بیٹنگ ریٹریٹ” کی تقریبات میں شرکت کو ان کی ڈیوٹی کا حصہ قرار دیتے ہوئے شرکت کی ہدایت دی ہے۔
یوم جمہوریہ 2025 کی مرکزی تقریب مولانا آزاد سٹیڈیم، جموں میں منعقد ہوگی، جہاں لیفٹیننٹ گورنر تقریب کی صدارت کریں گے اور سلامی لیں گے۔ حکومت اور عوامی شعبے کے اداروں کے تمام افسران و ملازمین، جو جموں میں تعینات ہیں، کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس تقریب میں اپنی سرکاری ذمہ داری کے طور پر شرکت کریں۔
حکومت کے تمام سربراہانِ محکمات اور عوامی شعبے کے اداروں کے چیف ایگزیکٹوز کو نہ صرف اپنی شرکت کو یقینی بنانے بلکہ اپنے ماتحت ملازمین کی بھی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دریں اثنا، ایک علیحدہ سرکلر کے مطابق، یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں “بیٹنگ ریٹریٹ” کی تقریب 29 جنوری 2025 کو شام ساڑھے بجے مولانا آزاد سٹیڈیم، جموں میں منعقد ہوگی۔ تمام سرکاری محکمات کے افسران و ملازمین، جو جموں میں تعینات ہیں، کو اس تقریب میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکومت نے تمام سربراہانِ محکمات اور عوامی شعبے کے اداروں کے چیف ایگزیکٹوز کو اپنی اور اپنے ماتحت ملازمین کی شرکت کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔