سرینگر// وادی کشمیر میں سردیوں کا راج جاری ہے اور شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس سے لوگ شدید سردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ خشک موسم کے بیچ رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی نے سردی کی شدت بڑھا دی ہے۔
آج وادی کے سیاحتی مقامات میں سب سے کم درجہ حرارت لارنو میں منفی 11.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گلمرگ میں منفی 9.6 ڈگری، پہلگام میں منفی 10.4 ڈگری، اور سونہ مرگ میں منفی 9.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
گرمائی دارالحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارتمنفی 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 6.2 ڈگری، اننت ناگ اور کولگام میں منفی 8.4 ڈگری، اور شوپیاں میں منفی 9.9 ڈگری رہا۔
لداخ میں سردی کی شدت مزید بڑھی ہوئی ہے، جہاں لیہہ میں منفی 13.3 ڈگری، کرگل میں منفی 14.6 ڈگری، اور دنیا کے سرد ترین علاقوں میں شامل دراس میں منفی 24.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت درج ہوا۔
جموں خطے میں بھی سردی کا زور کم نہیں ہوا، جہاں جموں میں 5.5 ڈگری، ادھم پور میں 3.5 ڈگری، اور بھدرواہ میں منفی 0.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
اسی دوران محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 15 جنوری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ 10 جنوری تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم 11 اور 12 جنوری کو ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں چالیس روزہ چلہ کلان جاری ہے، جو 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا۔ یہ عرصہ شدید سردیوں اور بھاری برفباری کے لیے مشہور ہے۔