کٹھوعہ// جموں صوبہ کے ضلع کٹھوعہ میں انتظامیہ نے 46 ایکڑ سے زائد سرکاری زمین پر قابض افراد کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے نوٹس جاری کیے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ان قابضین کو فوری طور پر زمین خالی کرنے اور غیر قانونی تعمیرات کے لیے استعمال شدہ آمدنی کے ذرائع ظاہر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راکیش منہاس اور دیگر افسران نے قبضہ شدہ علاقے کا دورہ کیا اور واضح کیا کہ غیر قانونی قبضے اور ناجائز دولت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
انتظامیہ نے خبردار کیا کہ نوٹس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں غیر قانونی تعمیرات کا انہدام اور فوجداری مقدمات شامل ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری زمین کی بازیابی اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے۔