مشتاق الاسلام
پلوامہ// تملہ حال پلوامہ کے مشہور ماہر تعلیم اور سابق زونل آفیسر (زیڈ ای او) ماسٹر غلام مصطفیٰ ملک مختصر علالت کے بعد آج صبح انتقال کر گئے۔
مرحوم ماسٹر غلام مصطفیٰ پلوامہ کے ایم ایل اے واحد رحمان پرہ کے چچا (پوپھا) تھے۔
ماسٹر غلام مصطفیٰ ملک ایک قابل احترام شخصیت تھے جنہوں نے اپنی زندگی تعلیم، سماج اور ادب کی خدمت کےلیے وقف کی۔ انہیں پورے علاقے میں ان کی علمی قابلیت، حکمت اور نیک سیرت کےلئے بے حد سراہا جاتا تھا۔ ان کی تربیت سے نہ صرف طلباء بلکہ پورا سماج مستفید ہوا۔ماسٹر ملک محفل بہاری ادب شاہورہ پلوامہ کے بانی رکن بھی تھے اور ادب کے میدان میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
علاقے کی عوام انہیں ایک مہربان اور دیانتدار شخصیت کے طور پر یاد کرتے ہیں جنہوں نے علم کی روشنی سے نوجوان نسل کی زندگیوں کو منور کیا۔
ان کی وفات پر علاقے کے علمی، سماجی اور ادبی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مختلف شخصیات نے مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
ادھر بہار ادب شاہورہ نے ملک کی وفات پر غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔